پاکستان
17 جون ، 2015

ایم کیو ایم امریکہ کا سالانہ کنونشن ڈیلاس میں منعقدہو گا

شکاگو...... ایم کیو ایم امریکہ کا سالانہ تین روزہ کنونشن ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں31جولائی سے شروع ہوکر 2اگست تک جاری رہے گا۔ کنونشن کی تیاریوں کے سلسلے میں ضروری کمیٹیوں کی تشکیل کردی گئی ہے، کنونشن کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی کارکنوں میں جوش و خروش پید ہو گیا ہے ،جبکہ کنونشن کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔قبل ازیں ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی کی صدارت میں اجلاس ہوا، جس میں جوائنٹ ا ٓرگنائزرز محمد ارشد حسین،ندیم صدیقی، اراکین سینٹرل کمیٹی سمیت میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سیل اوردیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان میں جاری سیاسی صورت حال کے جائزہ کے ساتھ ساتھ شہری سندھ َ خصوصاً کراچی میں جاری آپریشن میں مہاجروں کے ساتھ متعصبانہ سلوک پر تشویش ظاہر کی گئی۔مزیدبراں مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہوں اور دیگر بشمول وزیراعظم پاکستان کی جانب سے مہاجر قوم کوقابل نفرت ناموں سے پکارے جانے کی شدید مذمت کی گئی اس موقع پر سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے کہا کہ مقتدر قوتوں اور فرزند زمیں کہلوانے والے سیاسی بونوں کی جانب سے محب وطن مہاجروں سے امتیازی و نفرت انگیز سلوک نیز انہیں گالیاں دینا پاکستان کی خدمت نہیں ہے۔ ایسے ہی متعصبانہ ،امتیازی اور نفرت آمیز سلوک کی وجہ سے پاکستان پہلے بھی اپنا ایک بازو کھو چکا ہے مگر مقتدر قوتیں سبق لینے کو تیار نہیں۔ تاہم مہاجر قوم کا بھی یہ فیصلہ ہے کہ حصول حقوق کی فیصلہ کن جنگ میں اب سر جھکانا قبول نہیں ہے۔ سالانہ کنونشن کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی اس کی تیاریوںکے سلسلے میں کنونشن کمیٹی، استقبالیہ کمیٹی، میڈیا کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہیں جنھوں نے اپنی اپنی متعلقہ تیاریاں شروع کردی ہیں۔حسب سابق سالانہ کنونشن کے موقع پر ایم کیو ایم امریکہ کے روائتی مجلہ کا اجراء بھی کیا جائے گا جس کیلئے خصوصی طور پر قائم کردہ مجلہ کمیٹی اپنا کام شروع کرچکی ہے۔

مزید خبریں :