17 جون ، 2015
کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن و حق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہاہے کہ ایم کیو ایم فلاحی کاموں یا سیاست میں جبر کی قائل نہیں ، خد مت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکاران نے نہ اس سے قبل عوام سے زبردستی کی ہے اور نہ اس مرتبہ کریں گے، عوام اپنی مرضی اور خوشی سے خدمت خلق فاؤنڈیشن کو اپنا زکوۃ اور فطرہ دیکر انسانیت کی خدمت کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے صدر دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر خدمت خلق فاؤنڈیشن کے ٹرسٹیز ڈاکٹر نصرت شوکت ، احمد علی اور ارشد وہرہ انکے ہمراہ تھے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کی طرح خدمت خلق فاؤنڈیشن کا فلاحی ادارہ 37سال سے ملک کے غریب و نادار خاندانوں کی بلا امتیا ز امداد و خدمت کر رہا ہے،کے کے ایف نے ملک کے سفید پوش عوام کی پردہ پوشی قائم رکھنے کیلئے الطاف حسین کی ہدایت و رہنمائی میں خدمت خلق کر رہاہے،کے کے ایف نے 2005کے بد ترین زلزلے،2010ء ، 2011ء کے سیلاب متاثرین کو ادویات کی فراہمی ، نقد رقوم کی فراہمی اورانکی امداد سمیت پاکستان میں آنیوالے تباہ کن زلزلوں ، سیلاب اور امریکہ میں ’’کٹریناطوفان‘‘، انڈونیشیا، سری لنکامیں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے خدمت خلق فاؤنڈیشن نے انکے سفارت خانوں کے ذریعے بڑی امدادی رقوم ادا کی اور بین الاقوامی سطح پر آنیوالی قدرتی آفات میں بھی اپنا فلاحی فرض سر انجام دیاہے۔انہوں نے کہا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کو ملنے والی امداداور خرچ ہونیوالی کروڑوںروپوں کا باقاعدہ ریکارڈ تیار کیا جاتاہے جو عام شہریوں کے معائنے کیلئے کے کے ایف کے صدر دفتر میں موجود ہے ، کے کے ایف کی جانب سے کراچی ، حیدر آباد میں بڑے اسپتال ، کراچی میں چار بڑی لیبارٹریز اور بلڈ بینکس مزید قائم کئے گئے ہیں جہاں دیگر لیبارٹریز کے مقابلے مفت اور کم قیمت طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے مخیر حضرات، تاجر برادری سمیت عام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی زکوۃ ، فطرے خدمت خلق فاؤنڈیشن کو دیکر ان تمام فلاحی سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں ہماری مدد کریں تاکہ غریب عوام کے مسائل کو کم کیا جاسکے اور پاکستان کو قائد اعظم کے تصور کاپاکستان بنایا جاسکے۔ اس موقع پر خدمت خلق فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں پر مبنی سی ڈی بھی صحافیوں کو فراہم کی گئی۔