27 جون ، 2015
فیصل آباد.........وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پر الزامات ملکی سالمیت کا معاملہ ہے، برطانیہ کے ساتھ مل کر تحقیقات کریں گے اور انکوائری کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ فیصل آباد کےعلاقہ ڈی ٹائپ کالونی میں رمضان بازار کے دورہ کے موقع پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ بی بی سی کی ایم کیوایم سے متعلق رپورٹ ملکی سالمیت کا معاملہ ہے، برطانیہ سے مل کر مشترکا تحقیقات کریں گے۔عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہونے والی اموات پر پوری قوم سوگوار ہے، قومی اسمبلی کے ذریعے وجوہات قوم کے سامنے لائیں گے، کراچی اور سندھ میں لوگ اللہ کو پیارے ہوئے قومی نقصان ہوا ہے، قومی اسمبلی میں تحریک پیش کر دی، فیکٹ فائنڈنگ ہوگی اور قومی اسمبلی کے سامنے وجوہات قوم کے سامنے رکھی جائیں گی کہ کس کی غفلت ہے۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ جب کراچی میں ہلاکتیں ہو رہی تھیں تو عمران خان لند ن میں سازشی عمل میں مصروف تھے۔ بجلی بحران پر پیپلزپارٹی کے احتجاج پر عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ سارے بحران کے اصل ذمہ دار تو وہی ہیں۔