پاکستان
29 جون ، 2015

بانیان پاکستان کی اولادوں کو غدارکہاجار ہا ہے ، شبیر قائم خانی

بانیان پاکستان کی اولادوں کو غدارکہاجار ہا ہے ، شبیر قائم خانی

لاہور.......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن شبیر احمد قائم خانی کی زیر صدارت پنجاب ہائوس لاہورمیںضلع سیالکوٹ ، گوجرانوالہ اور قصور کے ضلعی عہدیداران کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی تنظیمی کمیٹی کے انچارج ارشاد ظفیر، رکن فیصل فجاج ڈار، صدر پنجاب و حق پرست سینیٹر میاں عتیق، ضلعی صدر سیالکوٹ عابد گجر ، نائب صدر چوہدری سرور ، ضلعی صدر گوجرانوالہ عبدالکریم خان ، سیکریٹری جنرل ذیشان ملک اور ضلع قصور کے عہدیداران موجودتھے۔ اس موقع پر اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے شبیر احمد قائم خانی نے کہا ایم کیو ایم راتوں رات وجود میں نہیں آئی ، اس نے برسوں گلیوں محلوں میں جدوجہد کی اور گلی محلوں سے پڑھے لکھے غریب و متوسط طبقے کے افراد کو اسمبلیوں میں پہنچایا، ملک میں رائج فرسودہ ، جاگیردارانہ اور وڈیرانہ و کرپٹ نظام کے خلاف آواز بلند کرنے اور ملک کے 98 فیصد غریب و محکوم عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے کی پاداش میں بانیان پاکستان کی اولادوں کو غداری کے تمغوں سے نوازا جا رہا ہے لیکن ہمیشہ کی طرح سازشی عناصر منہ کی کھائیں گے اور فتح حق پرستی کی ہو گی۔ اس موقع پر ارشاد ظفیر اور میاں عتیق نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ ایک انقلابی تحریک ہے جسے روکنے کیلئے ماضی میں بھی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے گئے اور اب بھی سازشیں کی جارہی ہیں ۔ جبکہ ان سازشوں سے ایم کیو ایم کمزور نہیں بلکہ مضبوط ہو گی۔ اجلاس میںضلعی و تحصیل کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثنا الطاف حسین کی جانب سے سینٹرل پنجاب کے کارکنان کے لیے منگل 30 جون 2015 کوایم کیو ایم پنجاب ہائوس واقع نیو مسلم ٹائون لاہور میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جائے گا۔ افطار ڈنر میں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین ، صوبائی تنظیمی کمیٹی،صدر پنجاب ، حق پرست اراکین پارلیمنٹ، اراکین ایڈہاک کمیٹی سینٹرل پنجاب ، متحدہ سوشل فورم ،شعبہ خواتین ، ضلعی عہدیداران اور تمام شعبہ جات کے ذمہ داران و کارکنان شریک ہونگے ۔

مزید خبریں :