پاکستان
30 جون ، 2015

بی بی سی رپورٹ ایم کیو ایم کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے، جنید فہمی

شکاگو...... ایم کیوایم امریکہ نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی نیوز رپورٹ میں متحدہ قومی موومنٹ پر لگائے جانے والے الزامات کی مذمت کرتے ہوئے اسے جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے۔ پارٹی کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایم کیو ایم ایک محب وطن جماعت ہے جسے کروڑوں عوام کا مستقل مینڈیٹ حاصل ہے،اور وہ پاکستان کی یک جہتی اور استحکام پر مکمل یقین رکھتی ہے، اوون بینٹ جونز کی ٹیبل اسٹوری محض جھوٹی خرافات اور ذہنی اختراعات پر مبنی ہیں جس کا حقیقت سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔ جھوٹی رپورٹ میںکئے جانے والے انکشافات نئے نہیں بلکہ ماضی کے الزامات کا تسلسل اور ایم کیو ایم کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے جس کے پس پردہ کردار کسی سے مخفی نہیں ہیں۔ ماضی کی طرح اب بھی لگائے جانے والے الزامات جھوٹے ثابت ہو نگے۔ اوون بینٹ جونز کی معتبر صحافتی حلقوں میں کوئی ساکھ نہیں۔رپورٹ کے فوراََ بعد مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں اور سوشل میڈیا پر مخصوص عناصر کی جانب سے کی جانے والی ایم کیو ایم اور الطاف حسین مخالف ہرزہ سرائی سازش اور پس پردہ سازشی عناصر کا پول کھولنے کیلئے کافی ہیں۔ ایم کیو ایم مظلوم متوسط طبقہ کی واحد نمائندہ جماعت ہے جسے مخصوص عناصر کچلنا چاہتے ہیں اور کئی دہائیوں سے اس کوشش میں مصروف ہیں تاہم حق پرست عوام نے نہ ماضی میں ایسے کسی الزام کو اہمیت دی ہے نہ اب دیں گے ۔ ظلم و جبر کا کوئی بھی ہتھکنڈہ انھیں الطاف حسین سے دور اور جائز حقوق کے حصول کی جدوجہد سے باز نہیں رکھ سکتا۔

مزید خبریں :