پاکستان
04 جولائی ، 2015

سری لنکا کی جیل میںپاکستانی قیدیوں کیلئے صرف کھجور اور سادہ پانی

کراچی.....افضل ندیم ڈوگر..... سری لنکا کی کولمبو سینٹرل جیل میں قید تین خواتین سمیت 36 پاکستانی ماہ رمضان میں راشن نہ ملنے کی وجہ سے سحری اور افطاری میں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ فی کس دو کھجوروں اور سادہ پانی سے افطاری کرائی جاتی ہے۔ جیل میں سزائے موت کے دو قیدیوں میں سے ایک محمد رشید نے اس نمائندہ کو فون کرکے جیل میں اپنے برے حالات سے آگاہ کیا۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے رشید کے مطابق یہ ایک الگ کہانی ہے کہ وہ کس طرح جھوٹے مقدمے میں سزا کاٹ رہا ہے لیکن فی الحال تو وہ برکتوں کے مہینے رمضان المبارک میں پاکستانی سفارتخانہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ماہ صیام میں تکلیف سے دوچار ہیں۔ قیدیوں کے مطابق ہر سال ماہ رمضان میں سری لنکا میں پاکستانی سفارتخانہ کا عملہ انہیں بھر پور راشن اور سحری اور افطاری کا سامان فراہم کرتا رہا ہے اور عید پر بھی خیال رکھا جاتا ہے مگر اس مرتبہ پاکستانی سفارت خانے کا عملہ شاید روایت بھول گیا ہے اور آج نصف ماہ رمضان گزر جانے کے باوجود سفارت خانہ سے جیل میں کوئی نہیں آیا، قدیوں نے شکوہ کیا کہ جیل کا سپریٹنڈنٹ بھی اگرچہ مسلمان ہے لیکن جیل مینوئل کا بہانہ کرکے وہ بھی منہ موڑ چکا ہے۔ قیدی کے مطابق کولمبو جیل انتظامیہ افطاری کے وقت انہیں فی کس محض دو کھجوریں اور سادہ پانی فراہم کرتی ہے۔ جو گرمی کے موسم میں افطاری کے لئے انتہائی ناکافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مدد کے لئے سفارتخانہ میں فون کریں تو متعلقہ عملہ کہتا ہے کہ وہ سامان بھیج رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ انہیں مزید ڈسٹرب نہ کریں۔ قیدیوں کے مطابق کولمبو کی اس جیل میں تین پاکستانی خواتین اور سزائے موت کے دو قیدیوں سمیت کل 36 پاکستانی قیدی ہیں۔ بعض قیدی جھوٹے مقدمات میں جیل میں بند ہیں لیکن ان کی شنوائی نہیں ہورہی ۔ قیدیوں نے حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی قانونی مدد کریں۔ اس نمائندہ نے سری لنکا میں پاکستانی سفارت خانہ فون کرکے سیکریٹری ویلفیئر شہریار ملک سے بات کرنے کی کوشش کی مگر ان سے بات نہیں ہوسکی۔ فون پر بات کرنے والے سفارت خانہ کے اہلکار نے موقف دینے کےلئے اس نمائندہ کا فون نمبر لیا مگر عملے کے کسی رکن کا فون نہیں آیا، سوال کرنے پر متعلقہ اہلکار نے بتایا کہ جیل کے قیدیوں کے لئے ہر ماہ سامان بھیجا جاتا ہے اور اس ماہ بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

مزید خبریں :