پاکستان
15 مئی ، 2012

کراچی : فائرنگ کے واقعات میں سابق کونسلر سمیت 5افراد جاں بحق

کراچی : فائرنگ کے واقعات میں سابق کونسلر سمیت 5افراد جاں بحق

کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں سابق کونسلر سمیت 5 افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے، طارق روڈ پر حالات کشیدہ ہوگئے جبکہ اطراف کے علاقوں میں شدید ٹریفک جام رہا۔ طارق روڈ پر بابو گراوٴنڈ کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح افراد نے فائرنگ کر کے تقریباً 45 سالہ محمد انوار عالم عرف بابو کوجاں بحق کردیا۔ اے ایس پی فیروزآباد ملک مرتضی نے جیو نیوز کو بتایا کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان کے مطابق مقتول ایم کیوایم کے سرگرم کارکن اور سابق کونسلر تھے۔ واقعہ کے بعد طارق روڈ، خالد بن ولید روڈ، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی سمیت اطراف کے علاقوں میں دکانیں اور کاروبار بند ہو گیا جبکہ شارع فیصل، طارق روڈ، بہادر آباد، ٹیپو سلطان روڈ سمیت اطراف کے علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہو گیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔ اس سے قبل ابراہیم حیدری میں ساحل کے قریب ایک خالی پلاٹ سے دو افراد کی لاشیں ملیں جنہیں سروں پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا، حکام کے مطابق مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ انھیں کہیں سے لاکریہاں قتل کیا گیا۔ سپر ہائی وے گنا منڈی اور ملیر سٹی سے دو افراد کی لاشیں ملیں تاہم ان کی شناخت نہیں ہوسکی۔سچل کے علاقے سے ایک شخص کی لاش ملی جسے فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا، مقتول بفر زون کا رہائشی تھا۔ نیشنل اسٹیڈیم کے قریب مسلح افراد نے جیپ پر فائرنگ کر کے داوٴد انجیرنگ کالج کے رجسٹرار غلام شبیر اور ان کے بیٹے امجد کو زخمی کردیا۔





مزید خبریں :