16 مئی ، 2012
کراچی ... کراچی کے مختلف علاقوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں فائرنگ کے واقعات میں سابق کونسلر سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق گذشتہ روز ملیر کے علاقے میں لیاقت مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے 32 سالہ محمد زبیر ہلاک ہوگیا،پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول پر فائرنگ کرنے والے ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے،ادھر طارق روڈ پر بابو گراوٴنڈ کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح افراد نے فائرنگ کر کے تقریباً 45 سالہ محمد انوار عالم عرف بابو کوجاں بحق کردیا۔ اے ایس پی فیروزآباد ملک مرتضی نے بتایا کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کانتیجہ ہے ،متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مقتول ایم کیوایم کے سرگرم کارکن اور سابق کونسلر تھے۔ واقعہ کے بعد طارق روڈ، خالد بن ولید روڈ، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی سمیت اطراف کے علاقوں میں دکانیں اور کاروبار بند ہو گیا جبکہ شارع فیصل، طارق روڈ، بہادر آباد، ٹیپو سلطان روڈ سمیت اطراف کے علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہو گیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔ اس سے قبل ابراہیم حیدری میں ساحل کے قریب ایک خالی پلاٹ سے دو افراد کی لاشیں ملیں جنہیں سروں پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا، حکام کے مطابق مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ، سپر ہائی وے گنا منڈی اور ملیر سٹی سیدو افراد کی لاشیں ملیں تاہم ان کی شناخت نہیں ہوسکی۔سچل کے علاقے سے ایک شخص کی لاش ملی جسے فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔ مقتول بفر زون کا رہائشی تھا۔ نیشنل اسٹیڈیم کے قریب مسلح افراد نے جیپ پر فائرنگ کر کے داوٴد انجنیئرنگ کالج کے رجسٹرار غلام شبیر اور ان کے بیٹے امجد کو زخمی کردیا۔