04 اگست ، 2015
اسلام آباد.......عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے جیونیوز اسلام آباد آفس کا دورہ کیاہے۔ ان کا جیو نیوز کے اسٹاف سے تعارف کرایا گیا جس کے بعد وہ کافی دیر گپ شپ بھی کرتی رہیں۔ جیو نیوز کے اسلام آباد بیورو پہنچنے پر جیو ٹیم نے ریحام خان کا استقبال کیا، انہیں گلدستہ اور تحائف بھی پیش کیے گئے۔ نیوی بلیو سوٹ کے ساتھ ریحام خان نے پشاوری چپل پہن رکھی تھی۔ انہوں نے جیو نیوز کے مختلف شعبوں میں جاکر جیوٹیم کے ارکان سے ملاقات کی اور کام کے حوالے سے بات چیت کی۔ ریحام خان نے اپنے شوہر کی مصروفیات اور سیاسی دوروں میں کھوئے رہنے سے متعلق بھی دلچسپ انداز میں گفتگو کی۔ ریحام خان نے صحافت کے حوالے سے جیو نیوز کی خدمات، خاص طور پر اسلام آباد کی نیوز ٹیم کو سراہا۔ صحافتی پس منظر رکھنے والی ریحام خان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں صحافیوں کو کام کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، اس کے باوجود ٹیم جیو اور دیگر پاکستانی صحافی اپنے فرائض پوری جانفشانی سے سر انجام دے رہے ہیں۔