26 جون ، 2025
غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، تازہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید 78 فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے مختلف اسپتالوں سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق بدھ کی صبح سے اب تک اسرائیلی فوج کی کارروائی میں کم از کم 78 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 14بے گھر افراد وہ تھے جو امداد حاصل کرنے کیلئے جمع ہوئے تھے۔
غزہ کے اسپتالوں کے ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح وسطی غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے شہادتیں ہوئیں۔
غزہ حکام کے مطابق مئی سے اب تک اسرائیل کی جانب سے امدادی مراکز پر 500 سے زائد فلسطینی شہید کیے گئے۔
دوسری جانب خان یونس میں حماس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی بکتر بند گاڑی کو دھماکاخیز مواد لگا کر اُڑا دیا جس میں 7 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت ہو رہی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان تقریباً دو سال سے جاری جنگ جلد اختتام کو پہنچ سکتی ہے۔