پاکستان
04 اگست ، 2015

ن لیگ پی ٹی آئی کو ڈی سیٹ کرنے میں ساتھ نہیں دیگی،سراج الحق

ن لیگ پی ٹی آئی کو ڈی سیٹ کرنے میں ساتھ نہیں دیگی،سراج الحق

لاہور........جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن پی ٹی آئی کے اراکین کو ڈی سیٹ کرنے میں ایم کیو ایم اور جے یو آئی ف کا ساتھ نہیں دے گی، ان کی کامیابی کا کوئی امکان نہیں، پہاڑ کو جتنا بھی کھودیں، نکلنا چوہا ہی ہے۔ منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کے اراکین کی تربیتی نشست سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے خلاف تحریکیں واپس لی جائیں، مولانا فضل الرحمان، نواز شریف کے اتحادی ہیں،وہی تحریکیں واپس لینے پرمجبور کرسکتے ہیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ وفاقی وزراء عمران خان پر طعن و تشنیع نہ کریں، کوئی جرنیل دھرنوں کے پیچھے تھا تو ثابت کرنا حکومت کا کام ہے۔ الطاف حسین کے بیان پر ان کا کہنا تھا کہ چوکوں گلیوں میں سزائیں تجویز کرنے کے بجائے قانونی طریقہ اختیار کیا جائے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو 5سال چلنے دیا جائے، ورنہ وہ شہید بن کر قوم کے پاس چلے جائیں گے۔

مزید خبریں :