پاکستان
10 اگست ، 2015

قصور : بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات نے ہر شخص کو دہلادیا

 قصور : بچوں کے ساتھ زیادتی کے  واقعات نے ہر شخص کو دہلادیا

قصور.......چند گرفتاریاں، کچھ ریمانڈ، پھر ضمانتیں اور پیشیاں وغیرہ وغیرہ ، قصور اسکینڈل میں روایتی کارروائیاں جاری ہیں، اصل مجرم کون ہے؟ متاثرہ افراد کو انصاف کیسے ملے گا؟ آج بھی کوئی کچھ نہیں جانتا ۔ قصور میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے بھیانک واقعات نے ہر شخص کو دہلادیا۔اپنے ہی درمیان رہنے والے انسانوں کے گھناؤ نے عمل نے معاشرے کی وہ کڑوی حقیقت دکھائی جسے نگلنا سب ہی کے لیے مشکل ہوگیا۔میڈیا اور سول سوسائٹی کی جانب سے واقعے کے خلاف آواز بلند کرنے سے اتنا ضرور ہوا کہ ان واقعات کے کئی سالوں بعد قبیح حرکات میں ملوث گروہ کے سات افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ایس پی انویسٹی گیشن قصور ندیم عباس کہتے ہیں کہ ملزمان سےبرآمد ہونے والے30 کلپس میں سے10ملزموں کی شناخت کر لی گئی ہے۔لیکن افسوس یہ کہ شناخت کے بعد بھی گرفتاریوں کی تعداد اتنی ہی رہی،دو دن گزر گئے لیکن مزید کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔ دوسری جانب بچوں سےزیادتی کےگرفتار مرکزی ملزم حسیب عامر نےاعتراف جرم کر لیاہے،ملزم کا کہنا ہےکہ اس کے گروہ نے بچوں سےزیادتی کی اوران کے وڈیو کلپس بنائے،تاہم ملزم بچوں کو بلیک میل کرنےکےالزام سےانکاری ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے بھی اس معاملے پر سخت غم وغصے کا اظہارکرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ اس سے پہلے وزیر اعلیٰ پنجاب بھی بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کی جوڈیشیل انکوائری کا حکم دے چکے ہیں ۔

مزید خبریں :