10 اگست ، 2015
کراچی.......سندھ اسمبلی کے باہر ملازمتوں کے حصول کیلئے احتجاج کرنیوالے معذور افراد پر پولیس اہلکاروں نےلاٹھیاں برسادیں۔معذور خواتین کو سڑک پر گھسیٹا گیا ۔ صوبائی وزیر داخلہ نے واقعے کا نوٹس لے لیاہے ۔سندھ اسمبلی کے باہر سرکاری اداروں میں معذور کوٹے پر ملازمتوں کا مطالبہ کرنے والے معذور افراد پر پولیس اہلکاروں نے اس وقت تشدد شروع کردیا جب وہ اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے اسمبلی گیٹ کے قریب پہنچ گئے ۔پولیس کے مطابق معذور افراد سندھ اسمبلی میں داخل ہونے کی کوشش کرہے تھے، صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال اور وزیر بلدیات ناصر شاہ نے واقعے کے بعد اسمبلی سے باہر آکر معذور افراد سے ملاقات کی۔ انہوں نے معذور افراد پر پولیس کے لاٹھی چارج کو افسوسناک قرار دیا اورکہا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو 3 روز میں اپنی رپورٹ دے گی ۔ انہوں نے اس موقع پر معذور افراد کو یہ نوید بھی سنائی کہ جن اداروں میں آسامیاں خالی ہے وہاں معذورکوٹے پر نوکریاں دی جائیں گی ۔