پاکستان
17 مئی ، 2012

نیٹو سپلائی معاہدہ جمعہ تک طے ہو جائے گا، امریکی اخبار کا دعویٰ

نیٹو سپلائی معاہدہ جمعہ تک طے ہو جائے گا، امریکی اخبار کا دعویٰ

واشنگٹن… ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان نیٹو سپلائی روٹس کی بحالی کا معاہدہ جمعے تک طے پا جانے کا امکان ہے۔ تاہم پاکستان کورقم کی ادائیگی کا مسئلہ معاہدے کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق ایک امریکی عہدے دار کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا نیٹو سپلائی روٹس کی بحالی کے لئے مفاہمت کی تحریری یادداشت کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ توقع ہے کہ جمعے تک معاہدہ طے پاجائے گا۔ تاہم ایک پاکستانی عہدے دار کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ادا کی جانے والی رقم کی مالیت کا تعین دونوں ملکوں کے درمیان سمجھوتے میں بنیادی رکاوٹ ہے۔ اس بارے میں دونوں ملکوں کے تخمینوں میں بڑا فرق ہے کہ پاکستان کو کتنی رقم ادا کی جائے۔ پاکستانی عہدے دار کا کہنا تھا کہ ٹرکوں کی سیکیورٹی اور کسٹمز کے معاملات ضمنی باتیں ہیں جو مالی معاہدے کے بعد باآسانی حل کی جاسکتی ہیں۔ ایک اور امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اوباما انتظامیہ پاکستان سے افغانستان جانے والے سامان کے ہر ٹرک پر 15سو سے 18 سو ڈالرمعاوضہ پاکستان کو دینے پر رضا مند ہوگئی ہے ۔امریکا نے اس معاوضے کے بدلے پاکستان سے نیٹو سپلائی کے تحفظ کی ضمانت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان سلالہ چیک پوسٹ کے واقعے پر امریکی معافی کے مطالبے سے دست برارہوگیا ہے اور ڈرون حملے روکنے کے لیے بھی کوئی معاہدہ نہیں کیا جارہا۔

مزید خبریں :