18 مئی ، 2012
واشنگٹن ... امریکی محکمہ خزانہ نے طالبان اور القاعدہ سے تعلق کے شبہے میں دو افراد کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق دونوں افراد میں بخت گل اور عبدالباقی باری شامل ہیں۔بخت گل پر الزام ہے کہ وہ حقانی نیٹ ورک کے لئے رابطہ کار کا کردار ادا کرتا ہے اور افغانستان میں سرگرم کمانڈروں کے پیغامات پاک افغان سرحد پر حقانی نیٹ ورک تک پہنچاتا ہے۔ اس کے ساتھ وہ اسلحے اور عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کو مربوط بناتا ہے۔ عبدالباقی باری پر منی لانڈرنگ اور القاعدہ کیلئے فنڈز جمع کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ بیان کے مطابق اسامہ بن لادن نے 2002 میں عبدالباقی باری اور ایک ساتھی کو فیکٹری خریدنے کے لئے پانچ لاکھ ڈالر دیئے تھے۔ امریکی محکمہ خزانہ امریکی شہریوں کو ان دونوں افراد کے ساتھ ہر طرح کے لین دین سے روک دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ اگر امریکا میں اْن کے اثاثے پائے گئے تو انہیں منجمد کردیا جائے گا۔