07 ستمبر ، 2015
لاہور......چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ ہم مفاہمت پرنہیں مزاحمت پر یقین رکھتے ہیں،لوکل باڈیزالیکشن میں ن لیگ کی اینٹ سےاینٹ بجادینگے،لاہور میں پارٹی کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہو ئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ غریب عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوششیں کرینگے ، جمہوریت کی مضبوطی کی جدوجہد میں شامل ہیں ، آخری فتح عوام کی ہو گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے لودھراں ،وہاڑی اور دیگر اضلاع کے پارٹی عہدیداروں سے بھی ملاقات کی ،ملاقات میںبلاول بھٹو زرداری نے کہا طلباء ، مزدور اور کسانوں کے حوالے سے پالیسیاں دیں گے ، پاکستان کے آئین کے مطابق کسانوں پر ودہولڈنگ ٹیکس نہیں لگ سکتا ، ودہولڈنگ ٹیکس جگا ٹیکس ہے ، ودہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر مشاورت کے بعد عدالت سے رجوع کریں گے،انہوں نے کسان کنونشن کے انعقاد کا اعلان بھی کیا۔ الیکشن کمیشن کے ارکان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہو ئے بلاول نے کہا کہ انہوں نے استعفے نہ دئیے تو بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ لوکل باڈیز الیکشن کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لوکل باڈیز الیکشن میں ن لیگ کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے ، غریبوں کے حقوق کیلئے سڑکوں پر آنا پڑا تو آئیں گے۔