07 ستمبر ، 2015
لاہور.......بہت ہوچکی مفاہمت، اب ہوگی مزاحمت، باپ کے بعد بیٹے نے بھی طبل جنگ بجادیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے نون لیگ کے گڑھ لاہور میں بیٹھ کر کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں نون لیگ کی اینٹ سے اینٹ بجادیں گے، مفاہمت پر نہیں مزاحمت پر یقین رکھتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری پہلے بھی نون لیگ کے خلاف سخت بیانات دیتے رہے ہیں، میاں نواز شریف کو بھی چیلنج کرتے رہے ہیں، شاید اسی لیے آصف زرداری نے انہیں کچھ عرصے کے لیے سیاست سے دور کردیا تھا، لیکن اب وہ پھر میدان میں ہیں، بلکہ نون لیگ کے گڑھ میں پہنچ کر نون لیگ کو چیلنج کررہے ہیں کہ اب مفاہمت نہیں، مزاحمت ہوگی، بلدیاتی انتخابات میں نون لیگ کی اینٹ سے اینٹ بجادیں گے۔ کیا پیپلز پارٹی نے طبل جنگ بجادیا،مفاہمت کی گاڑی کو بریک لگادیے،یا مستقبل میں بھی چلانے کا ارادہ ہے۔خود پارٹی رہنما اس معاملے پر الگ الگ کہانیاں سنا رہے ہیں۔ لاہور میں بلاول بھٹو کی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد شوکت بسرا نے نوجوان چیئرمین کی جانب سے مستقبل میں سڑکوں پر بسیرا کرنے کی پالیسی کا اعلان کردیا۔ شوکت بسرا خاموش ہوئے تو حیدر زمان نے نہلے پر دہلا مارا، بلاول بھٹو کا نام لے کرکہا کہ مفاہمت کو طاق پر کر مزاحمت کا اعلان ہوچکا، نون لیگ ہوشیار،خبردار، بلدیاتی انتخابات میں اینٹ سے اینٹ بجادیں گے۔ابھی دونوں رہنماؤں کے بیان کی گونج بھی ختم نہ ہوئی تھی کہ میڈیا ایڈوائزر جمیل سومرو آگ پر پانی ڈالنے آگئے۔فوراً سوشل میڈیا پر بیان داغا کہ ایسا تو کوئی بیان ہے ہی نہیں،نہ بلاول نے بلدیاتی انتخابات کو چھیڑا نہ کسی کی اینٹ سے اینٹ بجانے کا سوچا۔ اب کس کی بات کو سچ مانیں کس کو جھوٹ،کس کو صحیح جانیں،کس کو غلط،کوئی بتلائے کہ ہم بتلائیں کیا۔