16 ستمبر ، 2015
لاہور.......لاہورکےکئی علاقوں میں بارش اوربعض حصوں میں ژالہ باری ہونے سےموسم خوش گوار ہو گیا،گرمی کازور ٹوٹا تو لوڈشیڈنگ کے ستائےلوگوں نےبھی سکھ کا سانس لیا۔
محکمہ موسمیات نے عیدالاضحی کےدنوں میں بھی بارش کی نوید سنائی ہے۔ لاہورمیں دوپہر کے بعد اچانک چھائیں سرمئی گھٹائیں۔ سورج اوٹ میں چھپا تو رات کاسماں بندھ گیا۔ خوش گوارتیزہوائیں چلیں تو موسم بھی ہواخوشگوار۔ گرمی،حبس اور لوڈشیڈنگ سےپریشاں شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
جلوموڑ، ایئرپورٹ، کینٹ اور واہگہ کےعلاقوں میں بارش ہی نہیں، ژالہ باری بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات نےنوید سنائی ہےکہ بڑی عیدپربھی قدرت مہرباں ہو گی، گھٹائیں گِھر گِھرآئیں گی اورموسم کروٹ لےگا۔
22سے24ستمبر کےدرمیان گوجرانوالہ، لاہور، راولپنڈی اور بہالپور ڈویژنوں میں بارشوں سے درجہ حرارت میں کمی آئےگی۔ ان بارشوں سے دریائے راوی اور چناب میں پانی کی سطح بھی بلندہو سکتی ہے۔