17 ستمبر ، 2015
اسلام آباد......اسلام آباد ہائیکورٹ نے بنوں جیل حملہ کیس میں فوجی عدالت کی سزا کےخلاف حکم امتناع جاری کرتےہوئے مجرم طاہر کی سزائے موت پر عمل درآمد یکم اکتوبر تک روکنے کاحکم دیاہے ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس نورالحق قریشی نے کیس کی سماعت کی۔سزائے موت کے مجرم طاہر کے والد میر شاہ خان نےعدالتی دستاویزات کے حصول اور حکم امتناع کی درخواست دائر کی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ طاہر 24 فروری 2014 کو لاپتہ ہوا، 3 ستمبر 2015 کو معلوم ہوا کہ فوجی عدالت نے اسے سزا سنا دی ہے، تاہم الزامات بتائے اور نہ ہی دفاع کا موقع دیا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل بابر اعوان ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ ٹرائل کورٹ کی دستاویزات اور فیصلے کی نقل بھی نہیں دی جا رہی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے عدالت میں جواب داخل نہیں کیا گیا،عدالت نے وزارت داخلہ کو جواب داخل کرانے کی ہدایت کرتےہوئے سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی ۔