18 اکتوبر ، 2015
گوجرانوالہ........گوجرانوالہ پولیس نے ایک ایسا فیملی گینگ گرفتار کیا جس کے تمام ملزمان ایک ہی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں ۔تین بھائی اور ان کی بیویاں اب تک پنجاب کے مختلف شہروں سے 200 موٹر سائيکلز چوری کرچکے ہیں۔
گوجرانوالہ کے تین بھائی اور ان کی بیویوںنے مل کر فیملی گینگ بنایا۔ یہ گینگ پنجاب کے مختلف شہروں سے موٹرسائيکلز چوری کرتااور پھر چوری کی موٹر سائيکل آگے بیچ دیتا ، پھر یہ موٹر سائيکلز خیبر پختونخوا اور وہاں سے افغانستان اسمگل ہوجاتیں ۔
تین بھائیوں کے سرغنہ آصف کا کہنا تھاکہ اس نے یہ کام گذشتہ سال جیل میں سیکھا تھا ، جہاں ایک اور قیدی نے اسے ماسٹر کی دی ، اور جادوی اس چابی نے اس کا کام آسان کردیا ، پانچ سے سات سیکنڈ میں وہ کسی بھی موٹر سائیکل کا کیسا بھی لاک کھول سکتا ہے، اور ایسا اس نے گرفتاری کے بعد پولیس کو کرکے بھی دکھایا۔
لیکن یہ گینگ اتنے عرصے تک پولیس کو کیسے چکمہ دیتا رہا اور اس کاروبار میں بیویوں کا کیا کام تھا، اس کا راز یہ کھلا کہ چوری کی موٹر سائيکلز پر بیویوں کو پیچھے بٹھالیتے تو پولیس فیملی کا مارجن دیتے ہوئے چیکنگ نہیں کرتی تھی ، لیکن بالآخر گینگ کا پول کھل گیا اور گوجرانوالہ سے یہ گینگ پکڑا گيا۔
ایس پی سٹی طاہر مقصود چھینہ کے مطابق یہ گروہ بین الاقوامی گینگ کے ساتھ کام کررہا تھا اور اب تک دوسو سے زائد موٹر سائیکلز چوری کرچکا ہے۔