25 اکتوبر ، 2015
ریاض....... امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات کی ہے۔اس موقع پر اسرائیل و فلسطین میں کشیدگی کے خاتمے اور شام میں جاری جنگ کے حل پر بات چیت کی گئی ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر نے میڈیا کو بتایا کہ ریاض میں شاہ سلمان سے ملاقات کے دوران مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی جارحیت اور خطے میں کشیدگی کے علاوہ شام کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جان کیری اردن سے ریاض پہنچے، جبکہ اس سے قبل امریکی وزیرخارجہ نے عمان میں اردن کے شاہ عبداللہ اور فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات کی اور قیام امن کی نئی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔
ایک روز قبل جان کیری نے برلن میں اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نتن یاہو سے ملاقات کی تھی۔مقبوضہ فلسطین میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 48 فلسطینی شہید اور سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب شام میں عسکری کارروائیوں میں مصروف تنظیم داعش کے خلاف سعودی عرب امریکی اتحاد کا حصہ ہیں، داعش کے خلاف مذکورہ اتحاد گذشتہ سال وجود میں آیا تھا۔ادھر ویانا اجلاس میں امریکا، روس، ترکی اور سعودی عرب کے وزرا خارجہ نے شام میں جاری کشیدگی کے حل کے لئےملاقات کی تھی۔تاہم اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا۔