25 اکتوبر ، 2015
نئی دہلی.......بھارت میں عدم رواداری اور عدم برادشت پرادیبوں کا احتجاج جاری ہے،مراٹھی زبان کے مزید دس ادیبوں نے اپنے اعزازات واپس کر دئیے ہیں ،جس کے بعد اعزازات لوٹانیوالے ادیبوں کی تعداد پچاس سے زیادہ ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیاکے مطابق بھارت میں ادیبوں کے احتجاج کے بعد ساہتیہ اکیڈمی نے مصنف ایم ایم کلبرگی کی ہلاکت پر تو افسوس کا اظہار کر دیا لیکن سانحہ دادری اور ملک میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کی فضا پر کھل کر بات نہ کی۔
اکیڈمی کے اسی رویے پر اب مراٹھی زبان کے مزید دس ادیبوں نے اپنے اعزازات واپس کر دیئے ہیں۔ ان مصنفین نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے دفتر جا کر انعامی رقم اور تعریفی اسناد واپس کئے، اس موقع پروزیراعلیٰ اپنے دفتر میں موجود نہیں تھے۔
دوسری جانب ایم ایم کلبرگی کے بیٹے شری وجے کلبرگی نے ساہتیہ اکیڈمی پرسخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کی موت کو دوماہ گزر چکے ہیں لیکن اکیڈمی کی جانب سے تعزیت کا ایک فون بھی نہیں آیا۔