25 اکتوبر ، 2015
واشنگٹن........امریکی سفارتی ذرائع نےکہاہے کہ امریکا فلسطینی عوام کی قابض اسرائیل کے خلاف بغاوت سے ناراض ہوکرفلسطینی اتھارٹی کی مالی امداد میں کٹوتی کررہا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے حوالے سے میڈیا ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکا، غرب اردن اور غزہ کے لئے امریکی امداد کو سال 2016ء کے لئے 370 ملین ڈالر سے کم کر کے 290 ملین ڈالر کررہاہے۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے ساتھ عمان کے دورے پر آنے والے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ فلسطینی امداد میں کٹوتی کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا "فلسطینی اتھارٹی کی امداد کی کمی کا فیصلہ اس سال کے اوائل میں کیا گیا تھا۔
عہدیدار کا مزید کہنا تھا "اس فیصلے کو اختیار کرنے میں بہت سی چیزوں کا عمل دخل ہے جن میں فلسطینیوں کی جانب سے عدم تعاون اور ہمارے عالمی امداد کے بجٹ میں کٹوتی شامل ہے، اس کٹوتی کا براہ راست تعلق اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جاری حالیہ تشدد کی لہر سے نہیں ہے۔