28 اکتوبر ، 2015
کراچی .........پاکستان کرکٹ ٹیم دبئی میں بدھ کی شب ہونے والی تقریب میں ملک میں زلزلے سے متاثرین کے لئے امداد کا اعلان کرے گی۔
یہ تقریب دبئی میں یونس خان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کی خوشی میں ان کے دوستوں کی جانب سے ہورہی ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے یونس خان کے لئے 10لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔
کے سی سی اے کے صدر پروفیسر اعجاز فاروقی نے بھی اسٹار بیٹسمین کو 2لاکھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے دکھ کی اس گھڑی میں زلزلے سے متاثرین کے لئے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے پیر کو دبئی اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی جیت کا جشن نہیں منایا۔ کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ہم اس سانحے کی وجہ سے صدمے سے دوچار ہیں اور ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں سے ہیں۔ یونس خان نے اس کو قوم کے لئے بڑا سانحہ قرار دیا۔پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی زلزلہ متاثرین کی مدد پہنچنے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔