پاکستان
30 اکتوبر ، 2015

اربوں روپے کے مالیاتی اسکینڈل میں سزا یافتہ ڈبل شاہ انتقال کر گیا

اربوں روپے کے مالیاتی اسکینڈل میں سزا یافتہ ڈبل شاہ انتقال کر گیا

گوجرانوالہ............اربوں روپے کے مالیاتی اسکینڈل میں سزاپانے والا سبط الحسن عرف ڈبل شاہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا ۔

سبط الحسن شاہ ایک اسکول ٹیچر تھا۔جو ملازمت سے استعفیٰ دیکر دبئی چلا گیا تھا اور 6ماہ میں دبئی میں قیام پذیر رہنے کے بعد واپس پاکستان آیا تو وزیر آباد میں رہائش پذیر ہوگیا ، جہا ں اس نے ایک اسکیم شروع کی جس کے تحت وہ رقم15روز بعد دگنا کر اکے واپس کر نے کا دعویٰ کرتا تھا۔جس پر اسے ڈبل شاہ کے نام سے پکاراجانے لگا۔لیکن آہستہ آہستہ پتہ چلا کہ وہ لوگوں کی جمع پونجی ہڑپ کرنے لگا ہے۔

13اپریل 2007میں ڈبل شاہ کو 10ارب سے زائد کے فراڈ میں گرفتار کر لیا گیا جسے بعد میں نیب نے 14سال قید سزا سنا دی ۔ نیب نے ڈبل شاہ سے 3.4ارب روپے برآمد کر کے متاثرین کو واپس کئے۔ ڈبل شاہ سزا ختم ہونے کے بعد سے لاہور میں قیام پذیر تھا۔

خاندانی ذرائع کیمطابق ڈبل شاہ کو لاہور میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث کارڈیالوجی سینٹر لے جایا گیاتھا۔جہاں وہ انتقال کر گیا۔ڈبل شاہ کی نماز جنازہ آج شام 5بجے اسکے آبائی گاؤ ں کوہلوکی سمبڑیال میں ادا کی جائے گی۔

مزید خبریں :