30 اکتوبر ، 2015
اسلام آباد.......عمران خان اور ریحام خان کے درمیان طلاق کی ایک وجہ نند بھابیوں کی روایتی کشیدگی کو بھی قرار دیا جارہا ہے،کہا جاتا ہے کہ عمران خان کی بہنوں نے ریحام خان کو پہلے ہی روز سے قبول نہیں کیا تھا ،وہ شادی کی تقریب میں بھی شریک نہیں ہوئی تھیں۔
عمران خان نے ریحام خان سے شادی کا فیصلہ کیا تو ان کی چاروں بہنوں کااعتراض آیا اور کہا کہ وہ ایسی خاتون کو قبول کرسکتی ہیں جو ان کے خاندان میں ایڈجسٹ ہوسکے،چاروں بہنوں اور عمران خان کے قریبی دوست یوسف صلاح الدین اور مبشر موبی نے بھی شادی میں شرکت نہیں کی تھی۔
یہ جھگڑا یہاں سے شروع ہوا اور اتنا بڑھ گیا کہ بنی گالہ کے گھر میں عمران خان کے سیکورٹی انچارج احمد خان نیازی جو عمران خان کے کزن کے بیٹے ہیں،ان کو بھی گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ریحام خان عمران خان کے قریب دوست مبشر موبی کو پسند نہیں کرتی تھیں،پچھلے دنوں جب عمران خان کی دوستوں سے صلح ہوئی تولڑائی مزید بڑھ گئی۔
عمران خان کے بیٹے بھی اس وقت سخت ناراض ہوئے جب انگلستان کے ایک اخبار میں ریحام خان کے ایک کزن کے حوالے سے یہ شائع ہوا کہ ریحام خان جمائما خان سے جیلس ہیں۔ عمران خان اپنے بیٹوں کو منانے لندن بھی گئے،یہ معاملہ بڑھتا رہا،حتیٰ کہ عمران خان کی بڑی بہن فریکچر کے باعث اسلام آباد میں تھیں،دوسرے روز رڈاکٹر کے پاس جانے کے لئے ریحام خان نے ان کو گاڑی بھیجنے سے منع کردیا۔
طلاق سے تین روز پہلے بھی ریحام خان نے عمران خان سے دو گھنٹے تک جھگڑا کیا،عمران خان نے خیبر پختون خواہ حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کا بھی سخت نوٹس لیا جس میں ترقیاتی کاموں میں ریحام خان کو آگاہ رکھنے کے بارے میں لکھا گیا تھا۔ عمران خان کو ریحام خان کی جانب سے فلم بنانے کے لئے لوگوں سے پیسے مانگنے پر بھی اعتراض تھا۔