پاکستان
30 اکتوبر ، 2015

ضلع غذر کے زلزلہ متاثرین ٹھٹھرتی سردی میں امداد کے منتظر

ضلع غذر کے زلزلہ متاثرین ٹھٹھرتی سردی میں امداد کے منتظر

غذر....... گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے زلزلہ متاثرین ٹھٹھرتی سردی میں امداد کے منتظر ہیں۔لوئر دیر زلزلہ سے متعدد مکانات اور اسکولوں کو نقصان پہنچا ہے اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں مصروف ہیں جبکہ قبائلی علاقے لوئر کرم ایجنسی میں متاثرین کے لئے امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا گيا ہے۔

26اکتوبر کو آنے والے زلزلے کے چار دن بعد بھی بالائی علاقوں میں ہر جانب تباہی کےمناظرہیں۔ ٹھٹھرتی سردی اور دیگرمشکلات زلزلہ متاثرین کے لئے امتحان سے کم نہیں۔ زلزلے سے متاثر ہونے والے اسکولوں کی عمارتیں تعلیمی سرگرمیوں کیلئے بند کردی گئی ہیں۔ طلبہ کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کر ہے ہیں ۔

ضلع غذر کے بالائی علاقے پَھنڈر میں بھی زلزلے نے تباہی مچا دی ہے ، سخت سردی میں متاثرین کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں، زلزلہ سے متاثر کئی علاقوں میں درجہ حرارت کم ہوتا جارہا ہےتاہم پَھنڈر میں تو درجہ حرارت منفی 4 تک گر گیا ہے اور لوگ امداد کے منتظر ہیں۔

ادھر لوئر دیر کے علاقے میدان کے دور دراز علاقوں میں بھی زلزلہ سے متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے،اِن علاقوں میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کام کر رہے ہیں۔زلزلہ سے تحصیل میدان کے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کو بھی شدیدنقصان پہنچا،جس کے بعد ا سکول بند کردیاگیا ہے۔

قبائلی علاقے لوئر کرم ایجنسی میں متاثرین کے لئے امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا گيا ہے۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کاکہنا ہے کہ زلزلہ متاثرین کی ہرممکن مدد کریں گے۔

مزید خبریں :