31 اکتوبر ، 2015
کراچی......وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران صوبے کے آٹھ اضلاع میں پولیس کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔
ترجمان وزیر داخلہ کے مطابق سہیل انور سیال کی جانب سے سکھر ، خیرپور، گھوٹکی ، لاڑکانہ ، شکار پور سمیت دیگر اضلاع میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر داخلہ نے آئی جی غلام حیدر جمالی کو ہدایات کی کہ پولنگ کے دوران آٹھ اضلاع میں پولیس کو ہائی الرٹ رکھا جائے اور امن و امان اور لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔انھوں نے مزید کہا کہ مانیٹرنگ سینٹر سے صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی جائے۔