03 نومبر ، 2015
کراچی …تاجر رہنما ؤں نے کہا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس مہم ملتوی کرنا دانشمندانہ اقدام نہیں ہے۔
بزنس مین گروپ کے چیئرمین اور سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سراج قاسم تیلی اور کے سی سی آئی کے صدر یونس محمد بشیرنے کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور بغیر لائنس گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کیخلاف ٹریفک پولیس چیف ڈی آئی جی امیر احمد شیخ کی جانب سے مہم کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں صرف 3 ڈرائیونگ لائسنس برانچوں میں بے پناہ ہجوم بڑھنے کے بعد اس مہم کو منسوخ کر دیا گیا جو قابل تشویش ہے۔
انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے فوری طور پر ڈرائیونگ لائسنس برانچوں میں ہجوم کو دیکھتے ہوئے مہم کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن شہر بھر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور ٹریفک قوانین کی پاسداری یقینی بنانے کے لیے شروع کی جانے والی اس مہم کو ملتوی کرنا کسی صورت دانشمندانہ اقدام نہیں۔