انٹرٹینمنٹ
03 نومبر ، 2015

سلمان خان کی جانب سےپاکستانی فنکاروں کی حمایت

سلمان خان کی جانب سےپاکستانی فنکاروں کی حمایت

ممبئی..... ہندو انتہاپسندتنظیم شوسینا کی جانب سے پاکستانی اداکاروں اور فنکاروں کو بھارت میں کام کرنے سے روکنے کی کوششوں پربالی ووڈ کے اسٹارسلمان خان نے ان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آرٹ اور فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اس لئے پاکستانی فنکاروں کو بالی ووڈ میں کام کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

دبنگ خان نے کہا آرٹ کو سیاست سے نہیں ملانا چاہئیے کیوں کہ فنکار سرحدوں سے بالاتر ہوتے ہیں ۔ آج کل کے ڈیجیٹل دور میں بھارت میں بیٹھ کر بھی ہزاروں لوگ پاکستان کے مقبول ٹی وی شوز، ڈرامے اور گانے دیکھتے اور سنتے ہیںجب کہ پاکستان میں بالی ووڈ کے ہزاروں پرستار موجود ہیں جن سے بھارت کی فلم انڈسٹری بہت پیسے کماتی ہے۔

بالی ووڈ کےبجرنگی بھائی جان کا کہنا تھا آرٹ پابندیوں سے بالاتر شعبہ ہے ۔کون کیا دیکھنا چاہتا ہے اس پر پابندی لگانے والے دوسرے لوگ کون ہوتے ہیں۔سلمان خان نے شوسینا کا نام لئے بغیر پاکستانی فنکاروں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اداکار بالی ووڈ میںچلنے والے کچھ پروجیکٹس کا حصہ ہیں اور انہیں کام کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔

یاد رہےگزشتہ ماہ ہندو انتہا پسند تنظیم شو سینا کی دھمکیوں کے بعدپاکستانی کلاسیکل غزل گائک غلام علی کا پروگرام منسوخ کردیا گیا تھا جب کہ شوسینا کی جانب سے بالی ووڈ کی فلموں میں کام کرنے والے پاکستانی اداکار فواد خان اور ماہرہ خان کو بھی بھارت میں کام نہ کرنے دینے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔

مزید خبریں :