04 نومبر ، 2015
اسلام آباد ......زلزلہ زدہ چترال، غذر اور پارا چنار کے پہاڑوں پر برفباری، چترال گلگت روڈ بند ہو گئی ہے جس کے باعث زلزلہ متاثرین تک امداد پہنچانے کا کام معطل ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
چترال میں بارش اور برف باری کاسلسلہ جاری ہے،لینڈسلائیڈنگ سے پشاور چترال روڈ بند ہوگیا۔دیامر کے پہاڑوں پر برف باری سے سردی بڑھ گئی ہے، زلزلہ متاثرہ علاقوں میں خیمے بھیگے تو متاثرین کھلے آسمان تلے آگ جلا کر سردی بھگانے کی کوشش کرتے رہے۔
زیارت کے مقام پر لینڈسلائیڈنگ اور شندور کے مقام پر 14انچ برف پڑنے کی وجہ سےچترال گلگت روڈ ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے بالائی پہاڑی علاقوں بابوسر ، بٹوگا، نانگاپربت میں برف باری ہورہی ہے ، جس سے سردی کی شدت میں مزید بڑھتی جاری ہے ۔
غذر میں زلزلےسے متاثرہ علاقوں میں اب تک 6 انچ سےزائدبرف پڑچکی ہے، جس سے متاثرین کی مشکلات بڑھ گئی ہیں جبکہ کرم ایجنسی کے صدر مقام پاراچنار میں وقفے وقفے سے بار ش اور پہاڑوں پر برف باری سے زلزلہ متاثرین پریشانی کا شکار ہیں ۔
سوات، شانگلا سمیت زلزلے سے متاثر علاقوں میں پہاڑوں پر برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش سے سردی بڑھ گئی ہے ۔ خیموں میں مقیم متاثرین سردی کے باعث مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔
پشاور میں بھی رات گئے تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے موسم مزید سرد ہوگیا،ادھرپنجاب میں چنیوٹ ، پسرور او دیگر شہروں میں ہونےوالی بارش سے موسم سرد ہوگیا ہے ، کوئٹہ میں بارش کے ساتھ ہی کئی علاقوں سے بجلی غائب ہوگئی۔