دنیا
11 نومبر ، 2015

دہشت گردی کا ہر قیمت پر مقابلہ کریں گے، شاہ سلمان

دہشت گردی کا ہر قیمت پر مقابلہ کریں گے، شاہ سلمان

ریاض ........سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ ان کا ملک دہشت گردی کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے بہتر کوآرڈی نیشن چاہتا ہے۔

عالمیمیڈیا کے مطابق وہ دارلحکومت ریاض میں عرب اور جنوبی امریکا کے سربراہی اجلاس میں افتتاحی خطاب کر رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب دہشت گردی کے خطرات اور مشترکہ بین الاقوامی ایشوز سے متعلق کوآرڈی نیشن پر مبنی تعاون چاہتا ہے۔

مختلف ملکوں کے رہنما اور اعلی سطحی وفود بڑی تعداد میں اس سربراہی اجلاس میں شرکت کی غرض سے ریاض میں موجود ہیں جس کا مقصد جغرافیائی طور پر دور مگر معاشی لحاظ سے مضبوظ علاقوں میں روابط مضبوط کرنا ہے۔سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی پر وینزویلا کے صدر نیکولس مودورو کی ریاض آمد کے مناظر اور استقبالیہ تقریب براہ راست دکھائی گئی۔

وینزویلا اور سعودی عرب دونوں تیل برآمد کرنے والی تنظیم اوپیک کے رکن ہیں۔سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے ریاض پہنچنے والوں میں سوڈان کے صدر عمرالبشیر، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، عراق کے فواد معصوم اور فلسطینی رہنما محمود عباس شامل ہیں۔دیگر میں خلیجی ریاستوں کے سربراہاں اور اردن کے شاہ عبداللہ دوئم نمایاں ہیں۔

دریں اثنا سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیرنے کہا ہے کہ جنوبی امریکا کے ملکوں نے ہمیشہ عرب ایشوز پر ہماری حمایت کی ہے۔ ایران ان ملکوں کے ساتھ روابط بڑھا کر اپنے بین الاقوامی نقطہ نظر کی ترویج چاہتا ہے کیونکہ اب دنیا میں ان کے زیادہ دوست باقی نہیں رہے۔

ریاض میں عرب اور لاطینی امریکی ملکوں کے سربراہی اجلاس کے موقع پر پین عرب نیوز چینل العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا جنوبی امریکی ملکوں کی عرب ریاستوں سے قرابت سے ایران کی دنیا میں تنہائی میں مزید اضافہ ہو گا۔

بحرینی وزیر خارجہ خالد آل خلیفہ نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ عرب معاملات میں مداخلت سے باز رہے۔فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نےسربراہی اجلاس میں شریک نمائندوں کو فلسطین کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

مزید خبریں :