18 نومبر ، 2015
اسلام آباد.....کیمیاوی ہتھیاروں پر پابندی کے نگراں ادارے کے سربراہ احمد او زمچو نے خبردار کیا ہے کہ داعش نے کیمیاوی ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔
یہ انکشافات کیے کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کے نگراں عالمی ادارے کے سربراہ احمد ا وزمچو نے اسلام آباد میں ایک سیمینار کے دوران۔
احمد او زمچو کا کہنا تھا کہ داعش سلفر مسٹرڈ کو مارٹرز کے ذریعے استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور افغانستان میں کیمیاوی ہتھیار بنانا چاہتی ہے۔
دنیا خبردار ہو جائے کہ دہشت گرد تنظیم داعش نے کیمیائی ہتھیار بنانے کی ٹیکنالوجی حاصل کر لی ہے، داعش کو کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا طریقہ بھی آتا ہے،داعش کے پاس کیمیائی ہتھیاروں کی ترسیل کا نظام بھی موجود ہے۔
داعش حال ہی میں اس قابل ہوئی ہے کہ سلفر مسٹرڈ کو کیمیائی ہتھیار میں بدلے اور پھر اسے مارٹرز کے ذریعے استعمال کرے،اس کا مطلب یہ ہے کہ داعش کے پاس کیمیائی ہتھیار بنانے کا طریقہ اور ٹیکنالوجی موجود ہے، جو پریشان کن بات ہے۔
احمد ازومچو نے بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ داعش افغانستان میں موجود ہے، جہاں وہ دوسرے دہشت گرد گروپوں کے ساتھ مل کر کیمیائی ہتھیار بنانا چاہتی ہے، داعش اس ٹیکنالوجی میں جدت چاہتی ہے یا ایسی جدید ٹیکنالوجی تک رسائی جو پیچیدہ نہ ہو۔
سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قسم کے کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری اور استعمال کے خلاف ہے، اس حوالے سے تمام بین الاقوامی معاہدوں پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔