پاکستان
18 نومبر ، 2015

ایف آئی اے کا انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن

ایف آئی اے کا انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن

اسلام آباد......لوگوں کو غیرقانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے والوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا۔ وفاقی وزیرداخلہ کے حکم پر ملک بھر میں انسانی اسمگلروں کے خلاف ایف آئی اے نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا۔

ایف آئی اے نے کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد اور ملتان سے 77 ملزم گرفتار کرلیے ، ملزموں سے سیکڑوں پاسپورٹ اور جعلی ویزے برآمد ہوئے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ہدایت کی ہے کہ انسانی اسمگلروں کے خلاف چھاپوں کا دائرہ کار دیہی علاقوں تک بڑھایا جائے۔

ملک کے مختلف شہریوں میں ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران سیکڑوں کی تعداد میں پاسپورٹ بھی برآمد کیے ہیں جبکہ پاسپورٹ ایکٹ اور امیگریشن آرڈیننس کے تحت مقدمات درج بھی درج کرلیے گئے۔

فیصل آباد میں انسانی اسمگلر کے خلاف کریک ڈاون میں 11 ایجنٹوں کو گرفتار کر لیا گیا اور ان سے 150 پاسپورٹ قبضے میں لے لیے گئے۔ ملزمان ملازمتوں کو جھانسا دے کر لوگوں کو غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک بجھوانے میں ملوث ہیں۔

ملتان میں ایف آئی اے نے کارروائی کر کے 2 ٹریول ایجنٹوں اور رحیم یارخان سے 2 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ چمن سے بھی ایک ٹریول ایجنٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایف آئی اے نے کراچی میں پی آئی اے کے ڈپٹی مینیجر کو گرفتار کرلیا۔ اس کے علاوہ مختلف کارروائیوں میں کراچی سے نو اور گوجرانوالہ سے دو انسانی اسمگلروں کو گرفتار کر 180 پاسپورٹ برآمد کر لیے گئے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائی میں 17 ملزمان کو گرفتار کیاگیا۔ ایف آئی اے نے راول پنڈی ڈویژن میں انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں ایف آئی اے نے کارروائی کرکے ایک انسانی اسمگلر کو گرفتارکیا، ملزم کے قبضے سے 19پاسپورٹ بھی برآمد ہوئے۔

مزید خبریں :