25 نومبر ، 2015
کراچی........میانوالی میں طیارے کے حادثے میں شہید ہونے والی ملک کی پہلی خاتون فلائنگ آفیسر مریم مختیار کی تدفین آج کراچی میں ہوگی۔ شہید کی والدہ کا کہنا ہے کہ مریم مختیار کی شہادت سے قوم ایک ہونہار بیٹی سے محروم ہو گئی۔
پاک فضائیہ کی فلائنگ آفیسر مریم مختیار کی میت پی اے ایف فیصل بیس پر طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے کراچی پہنچائی گئی۔ شہید کا جسد خاکی ایئر چیف مارشل سہیل امان نے وصول کیا۔ مریم مختیار کی نماز جنازہ پی اے ایف فیصل بیس پر ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں ایئرچیف مارشل سہیل امان، تینوں مسلح افواج کے نمایندوں اور عزیز و اقارب سمیت پاک فضائیہ کے جوانوں نے شرکت کی۔کراچی میں شہید مریم مختیار کے گھر پر تعزیت کرنے والوں کا تانتا باندھا ہوا ہے۔ ان کی والدہ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مریم مختیار کی شہادت پر فخر ہے۔ وہ ملک و قوم کے لئے کچھ کر گزرنے کا جذبہ رکھتی تھیں۔
مریم مختیار کے بھائی نے کہا کہ وہ ہر وقت مدد اور رہنمائی کرنے والی بہن تھیں۔ مریم کی شہادت نا صرف ان کے خاندان بلکہ پوری قوم کا نقصان ہے۔ مریم مختیار پاک فضائیہ کی پہلی خاتون شہید افسر ہیں۔
ان کی تدفین آج نماز ظہر کے بعد ملیر کینٹ قبرستان میں کی جائے گی۔ صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے طیارے کے حادثے میں فلائنگ افسر مریم مختیار کی شہادت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے واقعے کو ملک کا عظیم نقصان قرار دیا ہے۔