28 اپریل ، 2025
میڈرڈ: اسپین اور پرتگال میں پیر کے روز بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن نے معمولات زندگی کومفلوج کر دیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق بجلی کے اچانک بند ہونے سے پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہوگیا، سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور ائیرپورٹس پر متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
اسپین اور پرتگال میں حکام فوری طور پر بریک ڈاؤن کی وجہ معلوم نہ کر سکے تاہم ممکنہ سائبر حملے کے امکان کو بھی رد نہیں کیا گیا۔
پرتگال میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی رین نے تصدیق کی کہ بریک ڈاؤن نے پورے آئبیرین جزیرہ نما (اسپین اور پرتگال) کو متاثر کیا فرانس کے کچھ علاقے بھی جزوی طور پر اس سے متاثر ہوئے۔
اسپین کی ریڈ الیکٹریکا کمپنی نے کہا ہے کہ وہ مقامی توانائی کمپنیوں کے ساتھ مل کر بجلی بحال کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔
اس بریک ڈاؤن کی وجہ سے میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں میچ کے دوران اسکور بورڈز اور کیمرے بند ہو گئے جس کے باعث کھیل روکنا پڑا۔
میڈرڈ کی سڑکوں پر بھی ٹریفک سگنلز بند ہونے کے باعث شدید ٹریفک جام دیکھنے میں آیا جبکہ زیر زمین میٹرو ٹرینیں بھی رک گئیں، مقامی میڈیا کے مطابق کئی افراد میٹرو کارز اور عمارتوں کی لفٹس میں پھنس گئے۔
ادھر پرتگال کے شہرپورٹو اور دارالحکومت لزبن میں بھی میٹرو سروس معطل ہوگئی جبکہ ٹرینیں بھی بند ہو گئیں، لزبن کے ہوائی اڈے پر بجلی کا ایمرجنسی سسٹم فعال کر دیا گیا جبکہ اسپین میں 46 ہوائی اڈوں پر پروازوں میں تاخیر کی اطلاعات ہیں۔
اسپین کی ریڈ الیکٹریکا کمپنی کے مطابق شمالی اور جنوبی اسپین میں بجلی کی بحالی کا عمل شروع ہو چکا ہے لیکن مکمل بحالی میں وقت لگے گا۔
بریک ڈاؤن کے دوران موبائل نیٹ ورکس بھی بند ہوگئے جس کی وجہ سے متعدد افراد نے انٹرنیٹ بند ہونے پر خبروں کے لیے ریڈیو کا سہارا لیا۔