25 نومبر ، 2015
لاہور....... تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں کھل کر دھاندلی کی گئی، ماضی کی غلطیوں سے سیکھا ہے ، پارٹی کے اندر پھر الیکشن کرائیں گے ، پی ٹی آئی پہلی پارٹی ہو گی جس موروثی نہیں منتخب قیادت ہو گی ، پارٹی میں ڈسپلن لانا ہوگا۔
عمران خان نے لاہورمیں پارٹی کے یوتھ کنونشن سے خطاب کیا ۔ انکا کہناتھاکہ قوم ان رہنمائوں کی عزت کرتی ہے جو عوام سے پیار کرتے ہیں ، سیاسی جماعتوں اور کارکنوں کا ڈسپلن تاریخ بناتاہے ،مہاتما گاندھی ، ابوالکلام آزاد ، غفار خان اور مفتی محمود بڑے لیڈر تھے ۔
عمران خان کا کہناتھا کہ مغربی دنیا کی ترقی کی سب سے بڑی وجہ مضبوط نظام ہے ، مغرب نے اسلام کا اچھا نظام اپنایا توترقی اور خوشحالی کے دروازے کھل گئے، اوورسیز پاکستانیوں کے سر پر ملک چل رہا ہے ، جبکہ 5سو خاندان اسے لوٹ کرکھا رہے ہیں ۔
عمران خان نے لاہور آمد کے بعد چودھری سرور کی رہائشگاہ پر لنچ کیا ، علیم خان کے آفس میں پارٹی میٹنگ اٹینڈ کی ۔یوتھ کنونشن کے بعد زمان پارک گئےاور وہاں سے اسلام آباد روانہ ہو گئے۔