30 نومبر ، 2015
پیرس.....ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق اقوام متحدہ کی سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے عالمی رہنماؤں کی پیرس آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ امریکی صدر نے پیرس پہنچتے ہی بٹاکلاں کلب کا دورہ کیا اور یادگار پر پھول رکھے۔
گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج محدود کرنے،عالمی درجہ حرارت دو سینٹی گریڈ سے نیچے لانے کی حکمت عملی تیار کرنے کے لیے پیرس میں عالمی کانفرنس کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت کے لیے امریکا، بھارت، چین ، پاکستان سمیت 140سے زیادہ ملکوں کے سربراہ پیرس میں جمع ہیں۔200سے زیادہ ملکوں کے ماہرین، نما ئندے اور اعلیٰ حکام بھی اس کانفرنس کا حصہ ہیں۔یہ سربراہ کانفرنس 11 دسمبر تک جاری رہے گی۔
کانفرنس میں شرکت کے لیے امریکا کے صدر براک اوباما پیرس پہنچے اور ایئرپورٹ سے سیدھے بٹاکلان کلب گئے ۔ انہوں نے 13نومبر کے دہشت گرد حملوں میں مرنے والوں کی یادگار پر پھول رکھے اور کچھ دیر کے لیے خاموشی بھی اختیار کی۔ فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند بھی صدر اوباما کے ساتھ تھے۔
اس سے پہلے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور چلی کے صدر مشل بیشلیٹ نے بھی بٹاکلان کلب کا دورہ کیا۔ یادگار پر پھول رکھے اور دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔