26 مئی ، 2012
نواب شاہ…نواب شاہ میں بس پر فائرنگ کے واقعہ میں ملوث دہشت گرد کو بس میں سوار کرانے والے شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے، ادھر فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک اور شخص چل بسا، ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق قاضی احمد میں بس پر فائرنگ کر نے والے دہشت گردوں کا ایک ساتھی سکرنڈ سے سوار ہوا تھا، پولیس نے دہشت گرد کو بس میں بٹھانے والے شخص علی رضا ملاح کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، علی رضا مسافروں اور بس مالکان کے درمیان رابطہ کا کام کرتا ہے اور مسافر سوار کرنے کا کمیشن لیتا ہے۔ کوچ کامعاون ڈرائیور اور 2کلینرز پہلے ہی پولیس حراست میں ہیں۔ تاہم ابھی تک پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا ہے۔ ایس ایچ او قاضی احمد جاوید جلبانی کا تبادلہ کردیا گیا ہے اور ان کی جگہ عیدن سیال کو نیا ایس ایچ او تعینات کیا گیا ہے۔ ادھر پیپلزمیڈیکل اسپتال نوابشاہ میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک اور مسافر چل بسا جبکہ فائرنگ کے دو اور زخمی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔گذشتہ روز کراچی سے صوابی جانے والی مسافر کوچ پر رینی شاخ کے مقام پر فائرنگ کی گئی تھی۔ جس میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔