26 مئی ، 2012
گھوٹکی … گھوٹکی میں 25 سالہ نوجوان کو 20 سال اور 15 سالہ لڑکی کو 10 سال سے گدھوں کے ساتھ زنجیروں میں جکڑ کر رکھنے کا انکشاف ہواہے۔یہ دونوں جانوروں کے ساتھ گھاس کھاتے ہیں، اہلخانہ کے مطابق ان کا ذہنی توازن درست نہیں، علاج نہیں کراسکتے اس لئے زنجیروں سے باندھ دیا۔ گھوٹکی کے محلہ رحموں والی میں گدھا گاڑی چلانے والے محنت کش نے اپنے 25سالہ بیٹے عبدالستار کو 20 سال سے گدھوں کے ساتھ زنجیر سے باندھ رکھا ہے۔ عبدالستار اپنے ساتھ بندھے ہوئے گدھوں کے ساتھ ہی کھانا کھاتا ہے۔ گھر والوں کا کہنا ہے کہ اس کا ذہنی توازن درست نہیں اور علاج کے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے وہ علاج نہیں کرا سکتے۔ اسی علاقے میں ایک اور مکان میں 15 سالہ بابرا بھی زنجیروں میں قید ملی ہے،اسے بھی گھروالوں نے 10 سال سے گدھوں کے ساتھ زنجیروں سے باندھ رکھا ہے۔ بابرا کو کھانے کیلئے گدھوں کے ساتھ چارا دیا جاتا ہے۔ اہلخانہ کہتے ہیں کہ بابرا کا ذہنی توازن درست نہیں ہے اور غربت کے باعث ان کی اتنی سکت نہیں کہ علاج کرا سکیں۔ بابرا اور عبدالستار کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ غربت ان کے بچوں کے علاج کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ وہ اپنے بچوں کوجانورں جیسی اس زندگی سے نجات دلانا چاہتے ہیں جس کیلئے انہیں مخیر حضرات کی امداد کا انتظار ہے۔