17 دسمبر ، 2015
کراچی......سندھ کی 44اور پنجاب کی 57یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔ضلع تھرپارکر میں23 پولنگ اسٹیشنوں پربھی پولنگ جاری ہے۔
سانگھڑ اور بدین میں امن و امان کی صورتحال کے باعث انتخابات پھر ملتوی کردیےگئے۔
پنجاب کے 21 اور سندھ کے15اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ شروع ہوگئی۔ پولنگ صبح ساڑھے 7 بجےشروع ہوگئی جو شام ساڑھے 5بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔
پنجاب کے 21 اضلاع لاہور، قصور، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ساہیوال، اٹک، بھکر،سرگودھا، فیصل آباد، گجرات، وہاڑی، بہاولنگر، چنیوٹ، گوجرانوالہ، خانیوال، سیالکوٹ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور نارووال کی 57 یونین کونسلوں میں پولنگ ہورہی ہے ۔
سندھ کے 15 اضلاع کی 44 یونین کونسلز اور 4 ٹاؤن کمیٹیز کے لئے پولنگ ہورہی ہے۔ جن میں خیرپور، گھوٹکی، جیکب آباد، کشمور، شکارپور، قمبرشہدادکوٹ، حیدرآباد، نوشہروفیروز، ٹنڈوالہ یار، تھرپارکر، ٹھٹھہ، سجاول، میرپورخاص، کراچی شرقی اور کراچی غربی کے اضلاع شامل ہیں۔
ان تمام اضلاع میں پولنگ کے دوران بیلٹ پیپر کی کمی، نام اور انتخابی نشان کی غلط چھپائی، بیلٹ پیپر چھیننے ، ہنگامہ آرائی اور بے امنی کے واقعات اور امیدواروں کی جانب سے تحفظات کے اظہار اور درخواستیں دائر کرنے کے پیش نظر ملتوی کئے گئے تھے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع سانگھڑ اور بدین میں ہونےوالے بلدیاتی انتخابات سندھ حکومت کی درخواست پر ملتوی کیے گئے ہیں ، امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے پر دونوں اضلاع میں انتخابات کی نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔