پاکستان
18 دسمبر ، 2015

میری وزیراعظم نواز شریف سے نہیں بن سکتی ،عمران خان

میری وزیراعظم نواز شریف سے نہیں بن سکتی ،عمران خان

لاہور....تحریکِ انصاف کےچیئرمین عمران خان کاکہناہےکہ وزیراعظم نواز شریف سےان کی نہیں بن سکتی ،وزیراعظم ذاتی مفادات کو ملکی مفادات پر ترجیح دیتےہیں ،پارلیمنٹ کا کام آرڈیننس کے ذریعےکیا جا رہا ہے۔کراچی سے رینجرز کوواپس بلایا تو ایک بار پھر لوگوں کو چن چن کر مارا جائے گا ۔

عمران خان نےلاہورپہنچنےکےبعدایئرپورٹ پرمیڈیاسےگفتگوکی،ان کاکہنا تھا،کراچی میں نصیراللہ بابر کےآپریشن کے بعدپولیس اہلکاروں کو قتل کیا گیا ،ساتھیوں کی شہادت کے بعدپولیس کراچی میں آپریشن نہیں کر سکتی ، اسی لئےکراچی کے عوام رینجرز کا آپریشن چاہتے ہیں۔

عمران خان کاکہناتھا،فو ج کے ضرب عضب کےباعث ملک میں امن آیا ،سندھ میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم مل کر لوٹ مار کر رہے ہیں ،رینجرز آپریشن یا ضرب عضب کو روکا گیا تو ملک کا نقصان ہو گا،بتایا جائے،پارلیمنٹ میں جاکرکیاکریں،حکومت بحث اور سوالات سے بچنے کےلئےجان بوجھ کر معاملات پارلیمنٹ میں نہیں لاتی۔

بعد میں عبدالعلیم خان کے دفتر میں سینئرصحافیوں سےغیررسمی گفتگو کرتے ہوئےعمران خان کاکہناتھا کہ پاکستان ، بھارت اور افغانستان کے درمیان تجارت کے فروغ سے خطے میں غربت پر قابو پایا جا سکتا ہے۔وہ حکومت میں ہوتےتوقومی مفاد کے معاملات اسٹیبلشمنٹ کے سامنے رکھتے۔

مزید خبریں :