19 دسمبر ، 2015
لاہور...... وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی سربراہی میں پنجاب میں امن و امان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ شیڈول فور کے تحت کالعدم تنظیموں کے500 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی، شیڈول فور کے تحت گرفتار کیے گئے 500 افراد کے پاؤں میں چِپ والا کڑا لگا دیا گیا، چِپ کے ذریعے ان کی نقل وحرکت کو مانیٹر کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پنجاب میں دوسرے صوبوں سےآنے والےراستوں پراسیکنرلگائے جائیں گے،پنجاب میں داخل ہونے والی تمام گاڑیاں اسکین کرنے سے غیر قانونی اسلحہ پکڑا جاسکے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے بھی وزیراعظم نواز شریف کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں تمام مدرسوں کا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 14ہزارکے قریب مدرسے ہیں، مسلم لیگ ن کے ایم این اے حافظ عبدالکریم کے مدرسے کا ریکارڈ بھی ہے۔
وزیر اعظم کو بریفنگ میں یہ بھی بتایا کہ پنجاب میں مساجد، گرجا گھروں اور دوسرے مذاہب کی عبادت گاہوں کا ریکارڈبھی اکٹھا کیا جا رہا ہے، جبکہ اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور آئی ٹی کےمحکموں نے 1لاکھ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن مکمل کرلی ہے۔