پاکستان
21 دسمبر ، 2015

34ملکی اتحاد کے حوالے سے حکومت کلیئر نہیں: سرتاج عزیز

34ملکی اتحاد کے حوالے سے حکومت کلیئر نہیں: سرتاج عزیز

اسلام آباد.......مشیر خارجہ سرتاج عزیز کہتے ہیں سعودی عرب کی سربراہی میں بننے والے 34ملکی اتحاد کے حوالے سے حکومت کلیئر نہیں، تفصیلات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نےکہا ہے کہ کلیئر نہیں ہیں تو کولیشن میں شامل کیسے ہوگئے؟؟ مشیرخارجہ سرتاج عزیز کے سوالوں کے جواب نہ دے پائے۔

سینیٹ میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کی تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ یمن اور شام کے مسئلے کا سیاسی حل چاہتے ہیں، کسی بھی ملک میں عدم مداخلت کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔

اس پر چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا کہ یہ بیان 34ملکی فوجی اتحاد میں جانے کے بعد دیاجارہاہے،مشیر خارجہ بولے تفصیلات دیکھ رہے ہیں۔ اس پر رضا ربانی نے کہا کہ آپ تفصیلات اب دیکھ رہے ہیں اور شامل پہلے ہو گئے، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جن چار ممالک کو اتحاد میں شامل نہیں کیا گیا کیا انہیں یہ تاثر نہیں ملے گا کہ یہ اتحاد ان کے خلاف ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ معاملے کو ابتدائی مرحلے پر پارلیمنٹ میں نہیں لانا چاہ رہے تھے۔ رضا ربانی نے کہا کہ معاملے کا علم نہ تھا توالائنس میں کیوں گئے، اس پر سرتاج عزیز کہنے لگے یہ الائنس نہیں کولیشن ہے، دنیا کے 34ملکوں نے ایسا ہی کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ باقی 33ممالک کو چھوڑیں، ہمیں پاکستان کے فیصلے کا علم ہونا چاہیے۔ اس کےبعد ایم کیوایم کےطاہرمشہدی یہ کہتےہوئے واک آؤٹ کرگئے کہ سرتاج عزیز کاجواب تسلی بخش نہیں۔

مشیر خارجہ نے کہا کہ معاملے کی تفصیلات دیکھ ر ہے ہیں، دو ہفتے بعد تمام تفصیلات سامنے آنے کے بعد ایوان میں دوبارہ آ کر حکومتی معاملے کی وضاحت کریں گے۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیزنےسینیٹ میں بیان دیا کہ کیلیفورنیا اور پیرس حملوں کے بعد مسلمانوں کے خلاف جذبات میں شدت آئی ہے، مساجد پر حملے ہوئے ہیں، صرف سمندر پار پاکستانیوں کو نہیں بلکہ تمام مسلمان ملکوں کو مسائل کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مغربی ملکوں میں دہشت گردی کے بجائے اسلام پر تنقید ہو رہی ہے، حالیہ مسلم مخالف حملوں میں پاکستانیوں پر کوئی بڑا حملہ نہیں ہوا،بیرونِ ملک اپنے مشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستانی کمیونٹی سے رابطے میں رہیں۔

مزید خبریں :