دنیا
27 دسمبر ، 2015

عراقی کردوں اورامریکی فوج کا مشترکہ آپریشن،12داعش جنگجوہلاک

عراقی کردوں اورامریکی فوج کا مشترکہ آپریشن،12داعش جنگجوہلاک

کرکوک (این این آئی)عراق کے شمالی شہر کرکوک میں امریکا اور کرد فورسز نے اپنے مشترکہ آپریشن میں شدت پسند تنظیم ’’داعش‘‘ کے کم سے کم ایک درجن جنگجو ہلاک اور نو کو گرفتار کر لیا ۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کرکوک کے سیکورٹی حکام نے اتوارکو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہاکہ داعش کے خلاف اس کارروائی میں کردستان کی انسداد دہشت گردی فورس کے اہلکاروں اور امریکی کمانڈوز نے حصہ لیا، آپریشن میں امریکی فوج کے کمانڈوز کی جانب سے بھی معاونت کی گئی تھی جنھیں ہیلی کاپٹرزکی مدد سے کرکوک میں اتارا گیا۔

داعش کے خلاف یہ آپریشن الحویجہ کے نواحی علاقے الریاض میں کیا گیا۔ کارروائی میں آئینی عدالت اور زرعی فارم کو ہدف بنایا گیا تھا جہاں مرتکز شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کے لیے امریکی فوجی بھی اتارے گئے۔ذرائع کے مطابق آپریشن میں ہلاک ہونے والے جنگجوؤں میں ریاض کے علاقے کے مقامی داعشی امیر حسین عمری العصافی اور تنظیم میں جنگجو بھرتی کرنے کے ذمہ دار ابراہیم البطوشی بھی شامل ہیں۔

آپریشن میں ایک مکان سے کئی اہم دستاویزات بھی امریکی فوج کے ہاتھ لگی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی آپریشن کے دوران داعش کے زیراستعمال متعدد کمپاؤنڈز پر حملے کیے گئے۔ذرائع کے مطابق امریکی فوج کی نگرانی میں اسی نوعیت کا ایک آپریشن اکتوبر میں الحویجہ کے مقام پر کیا گیا تھا۔ دو ماہ قبل کیے گئے آپریشن میں بھی امریکی فوج کے کمانڈوز نے حصہ لیا تھا۔

مزید خبریں :