29 مئی ، 2012
پشاور… وزیر اعلی خیبر پختون خوا امیرحیدر خان ہوتی نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو ہائی پروفائل قیدی کی سیکیورٹی فراہم کی ہدایت جاری کی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق خفیہ ادارے کی جانب سے وزیر اعلی خیبر پختون خوا امیر حیدر خان ہوتی کو رپورٹ ارسال کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو سینٹرل جیل پشاور کی عمارت کے ایک کونے میں الگ کمرے میں رکھا گیا ہے جبکہ انکو دو محافظ بھی فراہم کیئے گئے ہیں جو کہ غیرمسلح ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سینٹرل جیل پشاور میں اڑھائی سو خطرناک قیدیوں سمیت تین ہزار قیدی ہیں جو کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کے لئے مخالف جذبات رکھتے ہیں اور اس بات کا اندیشہ ہے کہ وہ کسی بھی وقت ڈاکٹر شکیل آفریدی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔رپورٹ موصول ہونے کے بعد وزیر اعلی خیبر پختون خوا امیر حیدر خان ہوتی نے سکریڑی داخلہ اعظم خان کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو ہائی پروفائل قیدی کی سییکورٹی فراہم کی جائے۔