دنیا
08 جنوری ، 2016

عراقی فضائیہ کے حملے میں داعش کا ترجمان ابو محمد العدنانی زخمی

عراقی فضائیہ کے حملے میں داعش کا ترجمان ابو محمد العدنانی زخمی

بغداد........عراق کے مغربی صوبہ الانبار میں عراقی فضائیہ کے حملے میںداعشکا ترجمان ابو محمد العدنانی زخمی ہوگیا ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ داعشکا ترجمان ابو محمد العدنانی کےانبار کے علاقے میں ایک فضائی حملے میں زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔لیکن عراقی فوج کے اس بیان کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ عدنانی کا چند روز قبل فضائی حملے میں زخمی ہونے کے بعد بہت زیادہ خون بہہ گیا تھا۔

اس کے بعد انھیں عراق کے شمالی شہر موصل منتقل کردیا گیا ہے۔بروانا اور اس کے نواحی علاقوں میں اس ہفتے کے دوران داعش کے 100سے زیادہ جنگجو فضائی حملوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔عراقی فوج مغربی صوبے الانبار کے شہر حدیثہ کے نواح میں داعش کے خلاف زمینی کارروائی کررہی ہے جبکہ امریکا کی قیادت میں اتحاد کے لڑاکا طیارے داعش کے جنگجوؤں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنا رہے ہیں۔

ابومحمد العدنانی شام کے مغربی صوبے ادلیب سے تعلق رکھتا ہے۔اور وہ داعش میں شمولیت سے قبل عراق میں اس کی پیش رو القاعدہ کی شاخ سے وابستہ تھا اور اس ملک پر امریکی فوج کے قبضے کے دوران قید بھی رہا تھا ۔داعش کے خلیفہ ابو بکر البغدادی نے جون 2014ء میں اپنی خلافت کے اعلان کے بعد ابو محمد عدنانی کو داعش کا مرکزی ترجمان مقرر کیا تھا اور اس نے ہی عراق اور شام میں جنگجوؤں کے زیر قبضہ علاقوں میں خلافت کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

ادھر امریکا کے بروکنگز انسٹی ٹیوشن کے اسکالر اور کتاب(داعش کی تباہی)کے مصنف ولیم میکانٹس کا کہنا ہے کہ اگر عدنانی کے زخمی ہونے کی خبر درست ہے تو یہ داعش کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہوگی۔کیونکہ اسے داعش کے خلیفہ کے ممکنہ جانشین کے طور پرجانا جاتا ہے ۔

مزید خبریں :