کاروبار
30 مئی ، 2012

بجٹ:تنخواہ دار طبقے کیلئے انکم ٹیکس کے 5 سلیب تیار

بجٹ:تنخواہ دار طبقے کیلئے انکم ٹیکس کے 5 سلیب تیار

اسلام آباد … تنخواہ دار طبقے کیلئے انکم ٹیکس کے 5 سلیب تیار کرلئے گئے ہیں تاہم خوشی کی بات یہ ہے کہ پہلی مرتبہ 4 لاکھ کی ٹیکس چھوٹ کا فائدہ تمام سلیب پر لاگو کرنے کی تجویز ہے جس سے تقریباً 18 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ” منی بل“ میں تجویز کیا گیا ہے کہ انکم ٹیکس کے سلیب 17 سے کم کرکے 5 کیے جائیں۔ اس طرح تنخواہ دار طبقے کو انکم ٹیکس میں ایک ہزار سے 15 ہزار روپے ماہانہ ریلیف مل سکتا ہے۔ انکم ٹیکس کی چھوٹ ساڑھے 3 لاکھ سے بڑھا کر 4 لاکھ روپے سالانہ کیے جانے کی تجویز ہے۔ ایف بی آر کی تجویز کے مطابق پہلے سلیب میں 4 لاکھ روپے ماہانہ تک کی آمدن ٹیکس سے چھوٹ حاصل ہوسکتی ہے۔ دوسرا سلیب 4 لاکھ سے ساڑھے 7 لاکھ روپے پر مشتمل ہوگا، اس سلیب میں 4 لاکھ سے اوپر 5 فیصد انکم ٹیکس عائد ہوسکتا ہے۔ یعنی اگر تنخواہ ساڑھے 4 لاکھ روپے سالانہ ہے تو5 فیصد ٹیکس 50 ہزار پر عائد ہوگا یعنی ڈھائی ہزار روپے، جو پہلے 11 ہزار روپے سالانہ تھا۔ اسی طرح 5لاکھ روپے آمدنی پر ٹیکس 5 ہزار روپے بنے گا جو اس سے قبل 17 ہزار 500 روپے تھا، اگر تنخواہ 6 لاکھ روپے ہے تو انکم ٹیکس 10 ہزار روپے ہوگا جو موجودہ سال 27 ہزار روپے بن رہا تھا۔جبکہ ساڑھے 7 لاکھ روپے آمدن ہونے پر 17,500 روپے ٹیکس لگے گا جو اس سال 45 ہزار روپے تھا۔

مزید خبریں :