19 جنوری ، 2016
کراچی.......مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو اپیکس کمیٹی کے اجلاس کی بریفنگ دینے آئے تو جوش خطابت میں زبان ایسی پھسلی کہ فوجی اور انسداد دہشت گردی کی عدالتو ں میں فرق کرنا بھول گئے۔
مولا بخش چانڈیو اپنے جذباتی اور جوشیلے بیانات کے سبب کراچی سے خیبر تک مشہور ہیں مگر آج سندھ اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بارے میں پریس کانفرنس کرنے آئے تو ان کی زبان کہیں کی کہیں نکل گئی، اجلاس کے دوران سندھ میں انسداد دہشت گردی کی مزید 10عدالتیں فعال کرنے کا فیصلہ ہوا تھا، لیکن مولا بخش چانڈیو کچھ اور بتا گئے۔
بعد میں وزیراعلیٰ ہاؤس کو تردید جاری کرنا پڑی، جس میں وضاحت کی گئی ہے کہ صوبائی مشیر اطلاعات انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کو غلطی سے فوجی عدالتیں کہہ گئے، اس غلطی کو درست کرلیا جائے۔