پاکستان
24 جنوری ، 2016

راول پنڈی، لاہور سمیت پنجاب میں گیس کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا

راول پنڈی، لاہور سمیت پنجاب میں گیس کا مسئلہ  شدت اختیار کر گیا

لاہور......سردی بڑھنے کے ساتھ ہی پنجاب کے مختلف علاقوں میں گیس کا مسئلہ بھی شدت اختیار کر گیا ہے ۔ راول پنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گیس سرے سے غائب ہے۔

گیس آتی نہیں، چولہاجلتا نہیں،کھانا پکتا نہیں، مجبور شہریوں نے اینٹوں کا چولھا بنایا، لکڑیاں جلائیں اور کھانا پکایا۔ لوگ اکیسویں صدی میں لکڑیاں جلانے پر مجبورہیں۔ گھروں میں گیس غائب ہونے سے میاں بیوی میں تلخی اور جھگڑوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ایک دوسرے کو کوستے ،چیختے چلاتے ہیں،گھر میں گیس نہ آنے اور چولہا ٹھنڈا رہنےسے ہر دم کی جھنجھلاہٹ اور بیزاری کا ماحول ہے۔

گیس کے چولہے بجھنے پر گھر گھر خواتین بے حال ہیں،کسی نے چھت پربنایا اینٹوں کا چولہا تو کسی نے لیا گیس سلنڈر کا کڑوا گھونٹ ۔گیس آئے تو بل کم، نہ آئے توبل زیادہ۔گھریلو خواتین کا کہنا ہے کہ دن کا سکون ہے نہ رات کا چین ،گیس تو گویا زندگی کا روگ بن گیا۔

جڑواں شہروں میں سردی اور شدید دھند کے ڈیرےہیں ۔ شہری گیس کی قلت کے باعث لکڑیوں کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔محکمہ سوئی گیس نے شہری کوایک مہینے کا 4لاکھ روپے سے زائد کا بل بھیج دیاہے۔

ملتان میں بھی گیس کی بندش سے لوگ تنگ آگئے ہیں ،اور احتجاج کے نت نئے طریقے اختیار کرنے لگے ہیں ۔خواتین سڑکوں پر لائیں گیس کا چولہا ، اس میں لکڑیاں ڈال کرلگائی آگ اور سڑک پر بیٹھ کر بنائی چائے، مظاہرین کا کہنا تھاکہ گیس تو آتی نہیں بل ضرور ہر ماہ آجاتا ہے ۔

مزید خبریں :